پنجاب میں گندم کی نئی ریلیز قیمت مقرر، فی 40 کلو نرخ 3800 روپے
لاہور( کامرس ڈیسک) پنجاب حکومت نے گندم کی ریلیز پرائس مقرر کر دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے جاری کر دیا۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاسکو سے حاصل کردہ اور ایگریگیٹرز کے پاس موجود گندم کی قیمت 3 ہزار 800 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی گئی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے مطابق یہ نوٹیفکیشن پنجاب فوڈ سٹفس (کنٹرول) ایکٹ 1958 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گندم کی نئی قیمت پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔محکمے نے بتایا کہ نوٹیفکیشن پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔ یہ حکم سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید کی جانب سے جاری کیا گیا۔