پنجاب میں ہیٹ ویو الرٹ، پی ڈی ایم اے کے ہنگامی اقدامات شروع
لاہور( اباسین خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہیٹ ویو اور شدید حبس سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر میں ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گرمی کی شدت اور حبس میں اضافے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متاثرہ اضلاع میں ہیٹ ویو کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز فعال کیے جا رہے ہیں جبکہ ضروری ادویات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ تھل، چولستان اور جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی اور حبس کی پیش گوئی کے باعث صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فلٹریشن پلانٹس، واٹر باؤزرز اور ٹوبوں میں پانی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر شدید متاثرہ علاقوں میں سموگ گنز بھی پہنچا دی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی کے دوران گرمی اور حبس کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنے کے لیے پی ڈی ایم اے کے کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ہسپتالوں سمیت ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہیٹ سٹروک کے مریضوں کے لیے او آر ایس، ٹھنڈا پانی اور طبی عملے کی مکمل دستیابی یقینی بنائی جائے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات، ریسکیو، لائیو اسٹاک، بلدیاتی ادارے اور ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال کے مطابق فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ موبائل ہیلتھ ٹیمیں بھی ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی کے متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کریں گی۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ شدید گرمی کے باعث شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔