پنجاب میں کچی رسیدوں پر پابندی، خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ
لاہور( کامرس ڈیسک) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس اور میرج ہالز میں ٹیکس ادائیگی کے نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے کچی رسیدوں کے اجرا پر مکمل پابندی عائد کردی۔چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیئے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ کاروباری مراکز کے لیے ای آئی ایم ایس کے ذریعے رسید جاری کرنا لازمی ہوگا۔ اس نظام کے تحت رسید جاری نہ کرنے پر 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جاسکے گا، جبکہ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں کاروبار ایک ماہ تک سیل بھی کیا جاسکتا ہے۔کارِ سرکار میں مداخلت، فروخت کے ریکارڈ میں ردوبدل یا مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔پی آر اے نے کچن آرڈر سلپس، غیر ادا شدہ بل یا اس نوعیت کی دیگر رسیدیں صارفین کو دینے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ جاری کی جانے والی رسید پر کاروبار کا نام، پتہ، رسید نمبر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کیو آر کوڈ درج ہونا ضروری ہوگا۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام کو شفاف بنانا، فروخت کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنا اور ٹیکس چوری کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔