مومنہ اقبال ہراسانی کیس میں پیش رفت، ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج

12 گھنٹے قبل
مومنہ اقبال ہراسانی کیس میں پیش رفت، ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج

لاہور( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے الزام میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں کی جانب سے بلیک میلنگ اور دھمکیاں دی گئیں۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر دھمکی دی کہ اگر شادی نہ کی گئی تو متعلقہ نجی مواد کو منظر عام پر لایا جائے گا۔ اس حوالے سے مومنہ اقبال کی بہن نے دھمکیوں سے متعلق ویڈیوز بھی تحقیقاتی ادارے کے حوالے کیں۔رپورٹ کے مطابق ویڈیوز اور موبائل فون کو ڈیجیٹل شواہد کے طور پر تحویل میں لے کر فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ ملزم کے نمبر سے بھی دھمکی آمیز پیغامات بھیجے جانے کا ذکر کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر اداکارہ کی نجی ویڈیوز کے ذریعے بلیک میلنگ کی کوشش کی، ان کے خاندان کو دھمکیاں دیں اور غیر قانونی طور پر نگرانی بھی کی گئی۔تحقیقات کے مطابق مومنہ اقبال کی جانب سے چند روز قبل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں باقاعدہ شکایت درج کرائی گئی تھی، جس کے بعد یہ قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔