نجی شعبے کے قرضوں میں 4 سال کی بلند ترین سطح پر اضافہ
Aug 3, 2026|ویب ڈیسک
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران نجی شعبے کو فراہم کیے گئے قرضوں میں تقریباً 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ چار برسوں کی بلند ترین سطح ہے۔انہوں نے بتایا کہ نجی شعبے کو دیے گئے قرضوں کا حجم بڑھ کر 11.38 کھرب روپے تک پہنچ گیا ہے، جس سے کاروباری اور پیداواری سرگرمیوں کو فروغ ملا۔خرم شہزاد کے مطابق نئے قرضوں کا 89 فیصد حصہ مینوفیکچرنگ، تھوک و پرچون تجارت اور زراعت کے شعبوں کو فراہم کیا گیا، جس سے معیشت کے اہم شعبوں میں سرگرمیوں میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ صرف صنعتی شعبے کو 657 ارب روپے کے نئے قرضے دیے گئے، جو مینوفیکچرنگ سرگرمیوں اور پیداواری صلاحیت میں وسعت کی عکاسی کرتا ہے۔