عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی، صدر اور وزیراعظم کا خراجِ عقیدت
اسلام آباد ( اباسین خبر) معروف سماجی کارکن، انسان دوست شخصیت اور ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی کی آج دسویں برسی منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی انسان دوستی، ایثار اور خدمتِ خلق کی روشن علامت تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہیں اور ان کی شخصیت نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔وزیراعظم کے مطابق ایدھی نے اپنے عملی کردار سے ثابت کیا کہ ایک فرد بھی معاشرے میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لا سکتا ہے، جبکہ ان کی فلاحی خدمات نے معاشرے میں ہمدردی، برداشت اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں عبدالستار ایدھی کو خدمتِ خلق اور انسانیت کی بے مثال علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی غریب، نادار اور بے سہارا افراد کی مدد کے لیے وقف کر دی۔صدر نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا رضاکارانہ ایمبولینس نیٹ ورک قائم کرنا عبدالستار ایدھی کا ایک عظیم کارنامہ ہے، جو ان کی انسان دوستی کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی قومی فخر اور انسانیت کے لیے امید کی ایک روشن کرن تھے، جن کی خدمات اور انسان دوستی کا پیغام ہمیشہ زندہ رہے گا۔