پاور سیکٹر کا گردشی قرض 1740 ارب روپے تک پہنچ گیا
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) ملک کے پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد جون 2026 تک یہ حجم بڑھ کر 1740 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے شدہ ہدف کے مطابق اسے 1600 ارب روپے تک محدود رکھنا تھا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران گردشی قرضے میں ہونے والے تقریباً 400 ارب روپے کے اضافے کو سبسڈی کے ذریعے ایڈجسٹ کیا جانا تھا۔ آئی ایم ایف اور پاکستان کی معاشی ٹیم کے درمیان مذاکرات میں گردشی قرض کے بہاؤ کو صفر رکھنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاکہ قرض کا مجموعی حجم 1600 ارب روپے سے زیادہ نہ ہو۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں تقریباً 480 ارب روپے کا مزید اضافہ ہوا، جبکہ وزارت خزانہ کی جانب سے اس کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے لگ بھگ 350 ارب روپے فراہم کیے گئے۔اس کے باوجود گردشی قرض کے مجموعی حجم میں 130 ارب روپے سے زائد کا اضافی اضافہ شامل ہو گیا، جسے ایڈجسٹ کرنے کے لیے متعلقہ وزارت اقدامات کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت کو امید ہے کہ آئندہ اقتصادی جائزے تک پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کو دوبارہ 1600 ارب روپے کی مقررہ حد تک لانے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔