آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد( اباسین خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبادی میں تیزی سے اضافے کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، کیونکہ ذمہ دارانہ آبادی کی منصوبہ بندی ہی خوشحال اور فلاحی معاشرے کی بنیاد ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اس سال کا موضوع "نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل میں حقیقت بنانا" ہے، جو اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر میں نوجوان بنیادی کردار رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے، جہاں 65 فیصد سے زائد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے۔ یہ نوجوان طبقہ قومی ترقی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے، تاہم سالانہ 2.55 فیصد آبادی میں اضافہ روزگار، تعلیم، صحت، رہائش، غذائی تحفظ، بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی پائیداری جیسے شعبوں میں بڑے چیلنجز بھی پیدا کر رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے وسائل میں مسلسل سرمایہ کاری، مؤثر منصوبہ بندی اور جامع حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ انسانی ترقی کو قومی پالیسی کا مرکز بنایا جا سکے۔شہباز شریف نے بتایا کہ آبادی اور ترقی سے متعلق مؤثر قومی حکمت عملی کی تشکیل کے لیے وفاقی حکومت کی نگرانی میں قومی کونسل برائے آبادی قائم کی گئی ہے، جو وفاق اور صوبوں کے درمیان پالیسی ہم آہنگی، ادارہ جاتی تعاون اور قومی آبادی پروگرام پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ کونسل آبادی سے متعلق امور کو قومی ترقیاتی ایجنڈے کا حصہ بنانے، خواتین کو بااختیار بنانے، انسانی وسائل کی ترقی اور طویل المدتی سماجی و معاشی خوشحالی کے لیے پالیسی رہنمائی فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو باصلاحیت، ذمہ دار اور بااختیار شہری بنانے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام سمیت مختلف قومی اقدامات پر عمل جاری ہے، جبکہ خواتین، بچیوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کی تعلیم، صحت، معاشی شمولیت اور مساوی مواقع حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، اراکین پارلیمان، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی، جامعات، نجی شعبے، علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریوں سے اپیل کی کہ وہ آبادی کے مسئلے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ طرزِ عمل، باخبر فیصلوں، بہتر خاندانی منصوبہ بندی، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ عزم اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے پاکستان اپنی آبادیاتی صلاحیت کو قومی طاقت میں تبدیل کرتے ہوئے موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل یقینی بنا سکتا ہے۔