ٹائیگر شروف سے پہلے عامر خان کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا انکشاف

ٹائیگر شروف سے پہلے عامر خان کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا انکشاف

Oct 26, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی پولیس رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ سے قبل مبینہ حملہ آور سپر اسٹار عامر خان کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملزمان نے عامر خان کے گھر کی 3 مرتبہ ریکی کی، تاہم اداکار کی فلمی شوٹنگ کے سلسلے میں مسلسل سفر کے باعث وہ اپنے مبینہ منصوبے میں کامیاب نہ ہوسکے۔پولیس کے مطابق بعدازاں حملہ آوروں نے ٹائیگر شروف کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا۔ مبینہ طور پر اداکار کئی ہفتوں سے جوہو کے ایک پارک میں فٹبال کھیل رہے تھے، جس کے باعث ملزمان کو ان تک پہنچنا نسبتاً آسان لگا۔ فائرنگ کا واقعہ بھی اسی مقام کے قریب پیش آیا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس ذرائع عامر خان کو نشانہ بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی کو ان دھمکیوں سے جوڑ رہے ہیں جو انہیں جولائی میں موصول ہوئی تھیں۔ ان دھمکیوں کے بارے میں شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ان کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے۔پولیس کو یہ بھی شبہ ہے کہ تینوں مبینہ حملہ آوروں کو پولیس کارروائی سے متعلق معلومات ان کے سہولت کار فراہم کر رہے تھے، جنہوں نے رابطے کے لیے انکرپٹڈ وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول میسجنگ ایپلی کیشنز استعمال کیں۔