پیٹرول مہنگا، ڈیزل سستا، نئی قیمتوں کا اطلاق
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت نے ملک میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔وزارت توانائی کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 45 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 333 روپے 1 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 385 روپے 86 پیسے سے کم ہو کر 383 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے قیمتوں میں ردوبدل حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت کیا، جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق 6 اگست 2026 سے ہوگا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں بھی اضافہ کیا ہے، جس کے بعد لیوی 70 روپے 86 پیسے سے بڑھا کر 72 روپے 26 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے 5 اگست کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔