پیریز ہلٹن طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل، تحقیقات جاری
نیو یارک( شوبز ڈیسک)امریکی شوبز کے معروف بلاگر، پوڈکاسٹر اور میڈیا شخصیت پیریز ہلٹن کو ایک تشویشناک واقعے کے بعد فلوریڈا کے شہر میامی کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔امریکی حکام کے مطابق انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم ان کی صحت سے متعلق مزید معلومات سامنے نہیں لائی گئیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میامی ڈیڈ کاؤنٹی شیرف آفس کو سوشل میڈیا پر جاری ایک براہِ راست نشریات سے متعلق متعدد اطلاعات موصول ہوئیں، جن میں ایک شخص کی ذہنی حالت اور تحفظ پر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار فوری طور پر متعلقہ مقام پر پہنچے۔ شیرف آفس نے اپنے بیان میں پیریز ہلٹن کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم بعد میں بتایا گیا کہ متاثرہ شخص کو بحفاظت ریسکیو کر کے میامی ڈیڈ فائر ریسکیو کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کے اہل خانہ سے بھی رابطہ کیا گیا اور انہیں ضروری تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔واقعے کے بعد پیریز ہلٹن کی نمائندہ کمپنی Golden Artists Entertainment نے بھی بیان جاری کیا۔ کمپنی کے نمائندوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تشویشناک اطلاعات سے آگاہ ہیں، تاہم ان کا پیریز ہلٹن سے براہِ راست رابطہ نہیں ہو سکا۔کمپنی نے کہا کہ اس وقت ان کی ترجیح پیریز ہلٹن اور ان کے اہل خانہ کی خیریت ہے، اس لیے غیر مصدقہ خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔