پی سی بی میں پھر بڑی تبدیلی، ٹیسٹ کوچ کی تبدیلی متوقع
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کے بعد اب ٹیسٹ ٹیم کے کوچ کی تبدیلی کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔اطلاعات کے مطابق وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ابتدائی طور پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کے ہمراہ شہزاد چارلس کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کے لیے لندن پہنچے تھے، تاہم لارڈز ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی 194 رنز کی شکست کے بعد انہیں ٹیسٹ ٹیم کی ذمہ داریاں بھی سونپنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے مائیک ہیسن کو ٹیسٹ ٹیم کے معاملات بھی دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ 9 ستمبر سے برمنگھم کے ایجبیسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم کے ساتھ مصروف رہیں گے اور ڈریسنگ روم میں بھی موجود ہوں گے۔اس پیش رفت کے بعد ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے بعد مائیک ہیسن ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں بھی سنبھال لیں گے، جبکہ سرفراز احمد کو انگلینڈ کے دورے کے اختتام پر ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سے ہٹایا جاسکتا ہے۔