پی سی بی نے غلط اور برا فیصلہ کیا:شاہد آفریدی
لاہور( سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے غلط اور نامناسب فیصلہ کیا، جو اقدامات کرنے تھے وہ سیریز کے اختتام کے بعد بھی کیے جاسکتے تھے۔پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ دنیا ہمارے فیصلوں پر ہنس رہی ہے اور ہم نے خود اپنا مذاق بنوایا ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ فیصلہ چیئرمین پی سی بی کا بھی تھا تو سلیکشن کمیٹی کو اس کی مخالفت کرنی چاہیے تھی۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ معاملہ اس وقت مزید خراب ہوگیا جب تیسرے ٹیسٹ کے لیے بھیجے جانے والے کھلاڑی ٹی20 کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں فیصلوں کے حوالے سے نہ تسلسل نظر آتا ہے اور نہ ہی میرٹ کو ترجیح دی جاتی ہے۔سابق کپتان نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مشورہ دیا کہ انہیں کرکٹ کے معاملات پر سب سے زیادہ توجہ دینی چاہیے اور اپنی ذمہ داریاں دوسروں پر نہیں چھوڑنی چاہئیں۔شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ جب سرفراز احمد پی سی بی میں آئے تو وہ بہت خوش ہوئے تھے کہ وہ انڈر 19 سطح پر کام کریں گے، لیکن صرف 3 ماہ بعد ہی سرفراز احمد کو پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بنا دیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کون سا طریقہ کار اختیار کیا گیا جس کے تحت سرفراز احمد کو صرف 3 ماہ میں ہی قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا۔