پاکستان میں ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ ہوگئی

پاکستان میں ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ ہوگئی

Aug 18, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیجیٹل بینکنگ استعمال کرنے والوں کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں راست نظام نے اہم کردار ادا کیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل ادائیگیوں کو مزید آسان بنانے پر توجہ دے رہی ہے، جبکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ پر سبسڈی بھی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور مرکزی سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا تناسب 9 فیصد سے بڑھ کر 76 فیصد ہوگیا ہے۔وزیر مملکت کے مطابق ملک کو کیش لیس معیشت کی جانب لے جانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور اس مقصد کے لیے سرکاری و نجی شعبہ مل کر کام کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت استعمال کرنے والے تاجروں کی تعداد بھی 20 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے بڑھتے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔