ملک میں کپاس کی پیداوار میں 77 فیصد ریکارڈ اضافہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)15 جولائی 2026 تک ملک میں کپاس کی مجموعی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 77 فیصد ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے، جبکہ سندھ میں پیداوار میں سب سے زیادہ 114 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کاٹن ایئر 2026-27 کے آغاز سے 15 جولائی تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 5 لاکھ 27 ہزار 900 گانٹھوں کے مساوی پھٹی پہنچی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2 لاکھ 30 ہزار 149 گانٹھ زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق پنجاب کی جننگ فیکٹریوں میں 2 لاکھ ایک ہزار 500 گانٹھیں جبکہ سندھ میں 3 لاکھ 26 ہزار 400 گانٹھیں پہنچیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں بالترتیب 39 فیصد اور 114 فیصد زیادہ ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے کے دوران ٹیکسٹائل ملوں نے جننگ فیکٹریوں سے 4 لاکھ 44 ہزار 379 گانٹھوں کی خریداری کی، جبکہ اس وقت پنجاب میں 111 اور سندھ میں 107 جننگ فیکٹریاں فعال ہیں۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق رواں سیزن کی نمایاں بات یہ ہے کہ پنجاب کے مقابلے میں سندھ میں کپاس کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔