پاکستان ایک متحرک اور فعال خارجہ پالیسی پر عمل جاری رکھے گا:اسحاق ڈار
Jul 9, 2026|ویب ڈیسک
اسلام آباد( اباسین خبر) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ سمیت وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آئندہ سفارتی سرگرمیوں، اہم بین الاقوامی روابط اور پاکستان کے خارجہ امور سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کے سیاسی اور معاشی مفادات کے مؤثر تحفظ اور فروغ کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک متحرک اور فعال خارجہ پالیسی پر عمل جاری رکھے گا، جس کی بنیاد معاشی سفارت کاری، تزویراتی شراکت داری، عالمی سطح پر تعاون، علاقائی امن و استحکام اور دنیا میں امن کے فروغ پر قائم ہے۔