پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 100 انڈیکس 1 لاکھ 70 ہزار پوائنٹس سے نیچے آ گیا
کراچی( کامرس ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں فروخت کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی شدید مندی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی اہم حد برقرار نہ رکھ سکا۔جمعہ کے روز کاروبار کے آغاز ہی سے سرمایہ کاروں کا رجحان فروخت کی جانب رہا، جس کے باعث مارکیٹ میں 1800 سے زائد پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس گر کر ایک لاکھ 69 ہزار 885 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی سٹاک مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار رہی تھی، جہاں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 2690 پوائنٹس کی بڑی کمی کے بعد ایک لاکھ 71 ہزار 739 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔مسلسل دوسرے روز نمایاں گراوٹ کے باعث سرمایہ کاروں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ مارکیٹ میں منفی رجحان برقرار ہے۔