پاکستان نے سندھ طاس معاہدے پر بھارتی مؤقف مسترد کردیا، سفیر

پاکستان نے سندھ طاس معاہدے پر بھارتی مؤقف مسترد کردیا، سفیر

Aug 29, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( اباسین خبر) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے معروف امریکی جریدے نیوز ویک میں شائع مضمون کے ذریعے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے اسے زمینی حقائق کے برعکس قرار دیا ہے۔پاکستانی سفیر نے امریکا میں تعینات بھارتی سفیر کے یکم اگست 2026 کو شائع مضمون میں پاکستان پر عائد الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل سندھ طاس معاہدے کی تاریخ، بنیادی ڈھانچے، مقصد اور اہمیت کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔رضوان سعید شیخ کے مطابق سندھ طاس معاہدہ ایک باقاعدہ بین الاقوامی سمجھوتہ ہے، جس کی پابندی دونوں ممالک پر لازم ہے اور اس میں کسی ایک فریق کی جانب سے یکطرفہ طور پر معاہدہ معطل کرنے کی اجازت نہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک بین الاقوامی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں سے ازخود دستبردار نہیں ہوسکتا، اس لیے سندھ طاس معاہدہ آج بھی مؤثر، نافذ اور دونوں فریقوں کے لیے قانونی طور پر قابلِ عمل ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان معاہدے کی اصل روح کے مطابق اس پر مکمل عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے، تاہم بھارت کے یکطرفہ اقدامات خطے کے امن اور سلامتی کے لیے سنجیدہ خطرہ ہیں۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنے یکطرفہ فیصلے واپس لے اور بین الاقوامی قانون کے تحت سندھ طاس معاہدے سے متعلق تمام ذمہ داریاں پوری کرے۔