پاکستان برآمدات کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام، تجارتی خسارہ بڑھ گیا
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) حکومت گزشتہ مالی سال کے دوران برآمدات کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث ملکی معیشت کو نمایاں دباؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق برآمدات 35.3 ارب ڈالر کے ہدف کے مقابلے میں 5.2 ارب ڈالر کم رہیں اور مجموعی برآمدی آمدن 30.1 ارب ڈالر تک محدود رہی۔ برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کے باعث تجارتی خسارے میں دو ہندسوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے معیشت کی بنیادی کمزوریاں ایک بار پھر واضح ہو گئیں۔رپورٹ کے مطابق مالی سال کے دوران تجارتی خسارہ تقریباً 7 ارب ڈالر بڑھ گیا، جو تین سالہ آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکیج کے حجم کے قریب ہے۔پلاننگ کمیشن نے قومی اقتصادی کونسل (NEC) کو سفارش کی تھی کہ معاشی مراعات کو تحفظ پسند پالیسیوں یا غیر پیداواری معاونت کے بجائے برآمدی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت سے منسلک کیا جائے، تاہم اس سفارش پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو سکا۔حکومتی پالیسی کے تحت عمومی نوعیت کی برآمدی سبسڈیز جاری رہنے کو بھی اس صورتحال کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔