پاکستان اور ایران کا تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کر دیا۔پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی (جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی) کا 10واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون میں مزید وسعت اور تجارتی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی دوستانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے پاک ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سرحدی تجارت، کسٹمز نظام اور کارگو کی نقل و حرکت میں موجود رکاوٹوں کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو مزید آسان بنایا جا سکے۔ انہوں نے مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام اور الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج نظام کو بھی تجارت کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔جام کمال خان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کا نجی شعبہ تجارتی تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے، جبکہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے سازگار، محفوظ اور قابلِ اعتماد ماحول فراہم کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی سمت دینے کے لیے مؤثر روڈ میپ تیار کرے گا۔