حکومت کا عوام کو ریلیف، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، جس کے بعد پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سستا ہو گیا ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 385 روپے 86 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔اسی طرح پٹرول کی قیمت میں بھی 3 روپے 39 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 328 روپے 56 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جن کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔حکومت کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور ملکی مالیاتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ نظرثانی میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔