زرمبادلہ کے ذخائر 22 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے
Jul 3, 2026|ویب ڈیسک
کراچی( کامرس ڈیسک) پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے 61 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مجموعی ذخائر 22 ارب ڈالر کی حد عبور کر گئے۔اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے اختتام پر ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 22 ارب 4 کروڑ 46 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔اعداد و شمار کے مطابق اس دوران اسٹیٹ بینک کے پاس موجود سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر میں 61 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی مالیت 16 ارب 52 کروڑ 72 لاکھ ڈالر ہو گئی۔اسی طرح کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب 51 کروڑ 47 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں یہ اضافہ کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے حکومتی فنڈز موصول ہونے کے باعث ہوا۔