پاکستانی معیشت میں بہتری، مگر محتاط پالیسی برقرار رہنے کا امکان

پاکستانی معیشت میں بہتری، مگر محتاط پالیسی برقرار رہنے کا امکان

Jul 29, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کی معیشت اور اسٹیٹ بینک کی مالیاتی پالیسی سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ معاشی اشاریوں میں بہتری کے باوجود مرکزی بینک آئندہ بھی محتاط حکمت عملی اپنائے رکھنے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محتاط اقدام ہے۔ایس اینڈ پی گلوبل نے بتایا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے، تاہم مہنگائی اب بھی مرکزی بینک کے مقررہ ہدف سے بلند سطح پر موجود ہے۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال، عالمی اجناس کی قیمتوں میں تبدیلی اور موسمیاتی خطرات ملکی معاشی حالات کے لیے اہم چیلنجز ہیں۔رپورٹ میں اندازہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مالی سال 2027 میں پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 3.5 فیصد رہ سکتی ہے، جبکہ دسمبر 2026 تک زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 19.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ایس اینڈ پی گلوبل کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مضبوط ترسیلات زر کے باعث بیرونی مالی صورتحال میں مزید بہتری آنے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ محدود رہنے کا امکان ہے۔ایس اینڈ پی گلوبل کے پرنسپل اکانومسٹ احمد مبین نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگیوں کے پیش نظر مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے باوجود اسٹیٹ بینک کی جانب سے محتاط مانیٹری پالیسی جاری رکھنے کی توقع ہے، جبکہ خطے کی کشیدگی، عالمی مارکیٹ میں اجناس کی قیمتوں کا اتار چڑھاؤ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عوامل پاکستان کے معاشی منظرنامے کو متاثر کر سکتے ہیں۔