پاکستان، چین کے درمیان صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری مواقع
اسلام آباد (اباسین خبر) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت نے فارماسیوٹیکل صنعت کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے اور پاکستان و چین کے درمیان صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ چین میں منعقدہ بی ٹو بی کانفرنس کے انعقاد میں پاکستان کے سفیر نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون مزید فروغ پا رہا ہے۔وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر نے کہا کہ پاکستان میں نئی سرمایہ کاری آ رہی ہے اور جو لوگ کہتے ہیں کہ ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی، وہ اسلام آباد آ کر دیکھیں جہاں اس وقت 350 سے زائد چینی سرمایہ کار موجود ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 700 سے 800 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر کام جاری ہے، جن سے مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔