آئی ایم ایف کی پانچویں قسط کیلئے پاکستان کی تیاریاں شروع
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلیٹی پروگرام کے تحت پانچویں قسط کے حصول کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پروگرام کے جائزے کیلئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات آئندہ ماہ ہوں گے، جس کیلئے آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔وزارت خزانہ نے مذاکرات کی تیاری کے سلسلے میں متعلقہ وزارتوں کو ڈیٹا اور رپورٹس مرتب کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ متعلقہ وزارتیں آئی ایم ایف وفد کو اسٹرکچرل بینچ مارکس اور معاشی اصلاحات سے متعلق اہداف پر بریفنگ دیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں توانائی شعبے کی اصلاحات، بجلی و گیس کے شعبوں کے گردشی قرضے اور دیگر اہداف پر بھی بات چیت ہوگی۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں موجودہ قرض پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، جس میں تقریباً ایک ارب ڈالر پانچویں قسط جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سے نمٹنے کیلئے تقریباً 20 کروڑ ڈالر شامل ہیں۔