دو ہفتوں میں 2 لاکھ سے زائد افراد کی حج کیلئے آن لائن رجسٹریشن مکمل

دو ہفتوں میں 2 لاکھ سے زائد افراد کی حج کیلئے آن لائن رجسٹریشن مکمل

Jul 6, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( اباسین خبر) ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت حج رجسٹریشن کے عمل میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں صرف دو ہفتوں کے دوران 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد نے آن لائن رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2027 سے 2030 تک کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، اور ابتدائی 14 دنوں میں بڑی تعداد میں عازمین نے گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور آن لائن پورٹل کے ذریعے چند منٹوں میں اپنی رجسٹریشن مکمل کی۔حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تیار کردہ پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل پورٹل نے حج رجسٹریشن کے عمل کو نہ صرف آسان بلکہ تیز اور شفاف بھی بنا دیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق رجسٹر ہونے والے عازمین میں سے ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 58 ہزار سے زائد افراد نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا۔صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سے ایک لاکھ 8 ہزار، سندھ سے 71 ہزار اور خیبر پختونخوا سے 33 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ رجسٹرڈ افراد میں ایک لاکھ 36 ہزار مرد اور 96 ہزار خواتین شامل ہیں۔وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ نئی ہدایات تک حج 2027 تا 2030 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا۔ وزارت نے خواہشمند افراد کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ رش سے بچنے کے لیے جلد از جلد اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔