بلوچستان میں 12 ہزار ایکڑ سے زائد بنجر زمین آباد
کوئٹہ( کامرس ڈیسک) گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت بلوچستان میں زرعی ترقی اور مقامی زمینداروں کی خوشحالی کے لیے متعدد منصوبے مکمل کرلیے گئے، جن کے نتیجے میں 12 ہزار 281 ایکڑ بنجر رقبہ قابلِ کاشت بنادیا گیا۔گرین پاکستان انیشیٹو کے پہلے مرحلے میں دکی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں 3 ہزار 800 ایکڑ زمین کو زرعی استعمال کے قابل بنایا گیا، جبکہ آبپاشی کے لیے 144 شمسی ٹیوب ویل نصب کیے گئے۔دوسرے مرحلے میں کوہلو، بارکھان، چمن، نوشکی، ڈیرہ بگٹی، ژوب، مستونگ، کوئٹہ اور قلعہ سیف اللہ میں مزید 8 ہزار 481 ایکڑ رقبے کو قابلِ کاشت بنایا گیا۔دونوں مراحل کے منصوبوں سے 288 مقامی زمیندار براہِ راست مستفید ہورہے ہیں۔ آباد کیے گئے رقبے پر گندم، کپاس اور مختلف پھلوں کے باغات کی کاشت جاری ہے، جس سے زرعی پیداوار اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہورہا ہے۔حکام کے مطابق جدید زرعی سہولیات کی فراہمی اور بنجر زمینوں کو آباد کرنے سے بلوچستان میں زرعی خودکفالت کو فروغ ملے گا، جبکہ مقامی زمینداروں کی معاشی حالت بہتر ہونے کے ساتھ صوبے کی معیشت اور زرعی سرگرمیوں کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔