عثمان پیرزادہ کی بائیوپک بنی تو سنسر ہوجائے گی، اداکار
کراچی( شوبز ڈیسک) سینئر اداکار، ہدایت کار اور تھیٹر فنکار عثمان پیرزادہ نے اپنی زندگی پر بننے والی ممکنہ فلم اور زیرِ تحریر سوانح عمری کے حوالے سے دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان پیرزادہ نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی کے حالات و واقعات پر کتاب لکھ رہے ہیں، تاہم انہیں یہ فیصلہ کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے کہ کون سے واقعات شامل کیے جائیں اور کنہیں حذف کیا جائے۔انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر ان کی زندگی پر فلم بنائی گئی تو سب سے پہلے ان کی بائیوپک ہی سنسر ہوجائے گی۔عثمان پیرزادہ کا کہنا تھا کہ سوانح عمری میں سچ بیان کرنا ضروری ہے، کیونکہ اہم واقعات چھپانے سے قارئین کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ وہ ذہن میں آنے والے واقعات قلمبند کرتے رہتے ہیں اور ان کے مطابق کتاب اب اچھی شکل اختیار کررہی ہے۔اداکار نے بتایا کہ ان کے بچے بھی انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ یہ کتاب ضرور لکھی جائے تاکہ مداح ان کی زندگی کے بارے میں جان سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نسل میں مطالعے کا رجحان کم ہوگیا ہے اور نوجوان کتابوں کے بجائے کمپیوٹر اور دیگر ذرائع میں زیادہ مصروف رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی سوانح عمری طویل عرصے پر محیط ہوگی اور اس میں زندگی کے متعدد اہم واقعات شامل ہوں گے۔