بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری، 9 دہشتگرد ہلاک ہونے کا دعویٰ

بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری، 9 دہشتگرد ہلاک ہونے کا دعویٰ

Jul 11, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( ابا سین خبر) پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ "آپریشن شعبان" جاری ہے، جس کے دوران سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مزید 9 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیاں کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج سے وابستہ عناصر کے خلاف کی جا رہی ہیں۔ حالیہ آپریشنز میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور افتادہ راستوں میں موجود مبینہ دہشت گردوں کو زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 52 ہو چکی ہے، جبکہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز میں مجموعی طور پر 88 دہشت گرد مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن شعبان بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں اور ان کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے، جبکہ امن دشمن عناصر کو کہیں بھی پناہ نہیں ملنے دی جائے گی۔