تیل مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے: وزارت خزانہ

تیل مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے: وزارت خزانہ

Aug 1, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزارت خزانہ نے ملکی معیشت سے متعلق ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی، جس میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کے خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جولائی 2026 میں مہنگائی کی شرح 9 سے 10 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی عالمی توانائی کی قیمتوں اور مالیاتی منڈیوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 33.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو 2.477 ارب ڈالر سے کم ہو کر 1.636 ارب ڈالر رہ گئی۔ جون 2026 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری صرف 13.5 ملین ڈالر رہی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 3.6 ارب ڈالر رہی، جبکہ ملکی برآمدات 4.6 فیصد کمی کے بعد 30.8 ارب ڈالر تک رہ گئیں۔ دوسری جانب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر 41.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جن میں سالانہ بنیاد پر 8.6 فیصد اضافہ ہوا۔وزارت خزانہ کے مطابق 17 جولائی تک ملکی زرمبادلہ ذخائر 22.7 ارب ڈالر رہے، جبکہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر 17.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔رپورٹ کے مطابق جون 2026 میں مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد رہی، جو مئی میں 11.7 فیصد تھی، جبکہ مالی سال 2025-26 میں اوسط مہنگائی 7.1 فیصد ریکارڈ کی گئی۔وزارت خزانہ نے خبردار کیا ہے کہ کم بارشوں کے باعث خریف کی فصلوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے، جس سے کپاس، چاول، گنے اور مکئی کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق جولائی تا مئی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مالی سال 2025-26 میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں 13.01 کھرب روپے رہیں، جن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 10.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی تا مئی مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک محدود رہا۔