ایران، امریکا جنگ میں وقفے سے تیل اور گیس کی قیمتیں گر گئیں
لندن( کامرس ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں عارضی وقفے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق برطانوی خام تیل کی قیمت میں تقریباً 5 فیصد کمی کے بعد یہ 92 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے، جبکہ امریکی خام تیل بھی 5 فیصد سستا ہو گیا ہے اور اس کے مستقبل کے سودے 85 ڈالر فی بیرل پر ہو رہے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے مربن خام تیل کی قیمت میں 10 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کے سودے 97 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئے ہیں۔دوسری جانب عالمی منڈی میں قدرتی گیس کی قیمتوں میں بھی 2 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ میں عارضی وقفے کے باعث قیمتوں میں آنے والی یہ نمایاں کمی اس بات کی عکاس ہے کہ اگر کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کرتی ہے تو خام تیل کی قیمت 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔ ماہرین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ امریکا کے تیل کے ذخائر میں بھی تیزی سے کمی آ رہی ہے۔