زیارت میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملہ، 9 اہلکار شہید

زیارت میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملہ، 9 اہلکار شہید

Jul 7, 2026|ویب ڈیسک

زیارت( اباسین خبر) بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ایس پی زیارت کے مطابق یہ حملہ زیارت کے علاقے کچ مانگی فیز تھری میں واقع پولیس چوکی پر کیا گیا۔ حملے میں دو ایس ایچ اوز سمیت 9 اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔پولیس حکام نے بتایا کہ شہداء میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کوئس صحبت خان بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ رات سے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔واقعے کے بعد شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔