خوبصورت اور رومانوی کردار خواتین کو زیادہ متاثر کرتے ہیں:نمرہ شاہد کا انکشاف
کراچی( شوبز ڈیسک) اداکارہ نمرہ شاہد نے کہا ہے کہ خواتین کی توجہ جارحانہ لڑکوں کی بجائے زیادہ تر دلکش اور رومانوی کرداروں کی طرف جاتی ہے۔ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کے دوران میزبان کے سوال پر کہ جارحانہ مزاج لڑکے خواتین کو کیوں متاثر کرتے ہیں، نمرہ شاہد نے جواب دیا کہ خواتین کو اصل میں سخت مزاج لڑکے نہیں بلکہ ایسے اداکار زیادہ پسند آتے ہیں جو اپنے کردار میں کشش رکھتے ہوں، جیسے بلال عباس اور دانش تیمور۔انہوں نے کہا کہ بعض جذباتی اور جارحانہ کردار بھی ناظرین کو متاثر کرتے ہیں، کیونکہ ان کرداروں کو اس انداز میں پیش کیا جاتا ہے کہ وہ زیادہ رومانوی اور پرکشش لگتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں مرد کرداروں کو بہت زیادہ گلیمرائز کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ناظرین آسانی سے ان سے متاثر ہو جاتے ہیں۔نمرہ شاہد نے مزید کہا کہ کیمرہ اینگل، روشنی، موسیقی اور کردار کی پیشکش مل کر ایک ایسا تاثر پیدا کرتے ہیں کہ ناظرین اسے مثالی مرد سمجھنے لگتے ہیں۔ جب ایک خوبصورت اداکار کو محبت بھری کہانیوں میں دکھایا جاتا ہے تو وہ زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔اداکارہ کے مطابق ہر شخص کی اپنی پسند ہوتی ہے، تاہم اسکرین پر پیش کیے جانے والے کردار اس قدر خوبصورتی سے دکھائے جاتے ہیں کہ لوگ ان سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دانش تیمور اور بلال عباس جیسے اداکار جب اسکرین پر آتے ہیں تو ناظرین انہیں بہت پسند کرتے ہیں، اور پاکستان میں اس وقت ناظرین اسی قسم کے مواد کو زیادہ قبول کر رہے ہیں۔دانش تیمور کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے نمرہ شاہد نے کہا کہ وہ پہلے بھی متعدد بار یہ بات کہہ چکی ہیں کہ وہ ان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں کیونکہ وہ ایک بہترین اور مقبول اداکار ہیں۔ انہوں نے بلال عباس کو بھی اپنی پسندیدہ اداکاروں میں شامل قرار دیا۔