نیویارک کے میئر بھی پاکستانی ریپر شمعون اسماعیل کی موسیقی کے مداح نکلے
نیویارک( شوبز ڈیسک) نیویارک شہر کے میئر ظہران ممدانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے پاکستانی گلوکار اور ریپر شمعون اسماعیل کی موسیقی سنتے آ رہے ہیں۔امریکی جریدے رولنگ اسٹون کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جب ان سے موجودہ پسندیدہ موسیقی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ان دنوں وہ یوگنڈا کے معروف میوزیکل جوڑے ریڈیو اینڈ ویزل کے گیت سن رہے ہیں، جنہوں نے ایک طویل عرصے تک وہاں کے موسیقی چارٹس پر راج کیا۔ظہران ممدانی نے بتایا کہ وہ پاکستانی ریپر شمعون اسماعیل کی موسیقی بھی کئی برسوں سے باقاعدگی سے سنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ پرسکون انداز میں غور و فکر کرنا چاہتے ہیں تو امریکی گلوکارہ کیسی مسگریوز کے گیت بھی سنتے ہیں۔یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے والد اور بھارتی نژاد والدہ کے ہاں پیدا ہونے والے ظہران ممدانی کی پرورش نیویارک میں ہوئی۔ ان کے موسیقی کے انتخاب میں ان کے متنوع ثقافتی پس منظر کی جھلک نمایاں نظر آتی ہے، جبکہ وہ جنوبی ایشیائی برادری سے اپنی وابستگی کا اظہار بھی کرتے رہے ہیں۔اگرچہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ شمعون اسماعیل کے کون سے گانے ان کی پلے لسٹ کا حصہ ہیں، تاہم یہ پہلا موقع نہیں کہ انہوں نے برصغیر کی موسیقی کی تعریف کی ہو۔ اس سے قبل ان کی انتخابی کامیابی کے بعد کی تقریر کے اختتام پر "دھوم مچالے" کی دھن بجنے نے بھی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی تھی۔ظہران ممدانی اس سے قبل ٹیلر سوئفٹ، جے زی، کم پیٹراس اور بھارتی نژاد امریکی ریپر ہیمانشو سوری (ہیمز) کی موسیقی پسند کرنے کا بھی اظہار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیمز سے متاثر ہو کر ہی انہوں نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب شمعون اسماعیل پاکستان کے مقبول نوجوان گلوکاروں اور ریپرز میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے گانے "یوزڈ ٹو اٹ" اور "والیم" کو لاکھوں مرتبہ سنا جا چکا ہے اور نوجوانوں میں انہیں غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔شمعون اسماعیل نے کچھ عرصہ قبل موسیقی سے مختصر وقفہ لیا تھا، جس کے دوران ان کی منگنی یا شادی سے متعلق قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیں۔ بعد ازاں نئے سال کے موقع پر انہوں نے اپنے مداحوں کے نام ایک ہاتھ سے لکھا ہوا خط جاری کیا، جس میں اپنی زندگی میں آنے والی اہم تبدیلی کا ذکر کیا۔