انشورنس کلیمز کی ادائیگی کیلئے نئی مدتیں مقرر کرنے کی تجویز

انشورنس کلیمز کی ادائیگی کیلئے نئی مدتیں مقرر کرنے کی تجویز

Aug 20, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستان کی تمام انشورنس کمپنیوں کے لیے مارکیٹ کنڈکٹ رولز 2026ء کا نیا مسودہ جاری کردیا گیا، جس میں پالیسی کے اجرا سے کلیم کی ادائیگی تک کمپنیوں کی ذمہ داریاں واضح کرنے اور صارفین کو بروقت ریلیف دینے کی تجاویز شامل ہیں۔مجوزہ قواعد کا اطلاق انفرادی انشورنس پالیسیوں پر ہوگا، جبکہ انشورنس کمپنیوں کو کلیمز مقررہ مدت میں نمٹانے اور منظور شدہ رقم بروقت ادا کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔مسودے کے مطابق لائف انشورنس کلیم کا متعلقہ دستاویزات مکمل ہونے کے بعد 20 دن میں فیصلہ کرنا ہوگا۔ موٹر انشورنس کلیم پر سروے رپورٹ ملنے کے بعد 5 دن جبکہ دیگر نان لائف انشورنس کلیمز پر 7 دن میں فیصلہ کرنے کی تجویز ہے۔ کلیم منظور ہونے کے بعد رقم 7 دن میں ادا کرنا ہوگی۔ہیلتھ انشورنس کے لیے بھی مختلف مدتیں مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ہسپتال میں زیر علاج مریض کا کلیم 20 دن میں نمٹانا ہوگا، جبکہ ڈسچارج کی منظوری 3 گھنٹے کے اندر دینا لازم ہوگی۔ کمپنی کی جانب سے تاخیر کی صورت میں مریض کو ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے نہیں روکا جاسکے گا۔مجوزہ قواعد کے تحت انشورنس کمپنیاں کلیم کی کارروائی کے لیے صرف متعلقہ اور ضروری دستاویزات ہی طلب کرسکیں گی۔ نئی انشورنس پالیسی کی درخواست پر 7 دن میں کارروائی جبکہ لائف انشورنس پالیسی کی دستاویزات زیادہ سے زیادہ 20 دن میں جاری کرنا ہوں گی۔