نیا وفاقی بجٹ نافذ، سپر ٹیکس میں نرمی، درآمدی کاسمیٹکس اور پرفیوم سستے ہوگئے
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی حکومت کا مالی سال 2026-27 کا نیا وفاقی بجٹ باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہوگیا، جس کے تحت انکم ٹیکس اور سپر ٹیکس کے نظام میں اہم تبدیلیاں متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ بعض درآمدی اشیاء بھی سستی ہوگئی ہیں۔نئے بجٹ کے مطابق ماہانہ ایک لاکھ 83 ہزار روپے یا سالانہ 22 لاکھ روپے آمدن پر انکم ٹیکس کی موجودہ شرح برقرار رکھی گئی ہے۔بجٹ میں سالانہ 50 کروڑ روپے سے کم آمدن رکھنے والے افراد اور کمپنیوں پر عائد ایک سے 7.5 فیصد تک کا سپر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔اسی طرح 50 کروڑ روپے سے زائد سالانہ آمدن رکھنے والے افراد اور کمپنیوں کے لیے سپر ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد کر دی گئی ہے۔تاہم سالانہ 15 کروڑ روپے سے زائد آمدن رکھنے والے بعض شعبوں، جن میں بینکنگ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں اور کھاد کی فروخت سے آمدن حاصل کرنے والے ادارے شامل ہیں، ان پر 10 فیصد سپر ٹیکس بدستور برقرار رکھا گیا ہے۔نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی درآمدی میک اپ، پرفیومز، بیوٹی آلات، لوشنز اور دیگر بیوٹی مصنوعات بھی سستی ہوگئی ہیں، جس سے صارفین کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔