نعمان اعجاز کا کینسر سے صحتیابی، سورۃ الرحمٰن سے متعلق اہم انکشاف
کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستان کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ 2024 میں ان کے کان کے قریب کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم کامیاب آپریشن کے بعد ٹیومر نکال دیا گیا اور بعد ازاں ڈاکٹروں نے کیموتھراپی کی ضرورت بھی ختم کردی۔ایک حالیہ انٹرویو میں نعمان اعجاز نے بتایا کہ جس روز انہیں اپنی بیماری کا علم ہوا، انہوں نے نماز کے دوران اللہ سے دعا کی کہ اگر ان کی زندگی کی مزید ضرورت نہیں تو انہیں اپنے پاس بلا لے، کیونکہ وہ اپنے اہل خانہ کو تکلیف میں نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔اداکار نے بتایا کہ وہ اسپتالوں کے چکر اور کیموتھراپی جیسے تکلیف دہ مرحلے سے گزرنے سے خوفزدہ تھے اور بیماری کے دوران ہر رات دعا اور تلاوت کرکے سوتے تھے۔نعمان اعجاز کے مطابق جب ان کے ایک قریبی دوست کو بیماری کا علم ہوا تو اس نے انہیں سورۃ الرحمٰن کی تلاوت کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کے بعد سے وہ مسلسل سورۃ الرحمٰن پڑھ رہے ہیں اور انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی صحتیابی میں اس کا بہت بڑا کردار ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کا کامیاب آپریشن ہوا اور ٹیومر نکال دیا گیا۔ ان کے مطابق 23 جولائی 2024 کو ان کی پہلی کیموتھراپی ہونا تھی، تاہم ایک روز قبل ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ ٹیسٹوں میں بیماری کے مزید آثار نہیں ملے، اس لیے کیموتھراپی کی ضرورت نہیں رہی۔