آوارہ کتوں پر تشدد کے بجائے ویکسینیشن اور دیکھ بھال کی جائے، نادیہ افغان
کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ نادیہ افغان نے جانوروں بالخصوص آوارہ کتوں پر تشدد کی مخالفت کرتے ہوئے بچوں کو جانوروں کے ساتھ محبت، رحم دلی اور ذمہ داری کا رویہ اپنانے کی تربیت دینے پر زور دیا ہے۔ایک گفتگو میں نادیہ افغان نے کہا کہ معاشرے میں کتوں کو مارنے کا رجحان بچوں کی ذہنی تربیت پر بھی منفی اثر ڈالتا ہے اور انہیں یہ تاثر ملتا ہے کہ مسائل کا حل تشدد میں ہے۔اداکارہ کے مطابق سڑکیں بچوں اور جانوروں سمیت کسی کے لیے مکمل محفوظ نہیں، تاہم آوارہ کتوں کو مارنے کے بجائے ان کی ویکسینیشن، خوراک اور مناسب دیکھ بھال کے ذریعے صورتحال بہتر بنائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کتوں کو زہر دینے یا گولیاں مارنے کے بجائے ویکسین لگائی جائے تو بیماریوں کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے ساتھ سڑکوں کو بھی محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔نادیہ افغان نے اپنے بچپن کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر میں بھی ایک کتا تھا اور ان کی والدہ جانوروں کی حفاظت اور دیکھ بھال کا شوق رکھتی تھیں، جو یہ جذبہ اپنی والدہ یعنی نادیہ کی نانی سے ورثے میں لائی تھیں۔اداکارہ نے زور دیا کہ بچوں کی تربیت میں جانوروں سے حسنِ سلوک اور رحم دلی کو اہمیت دی جائے تاکہ معاشرے میں تشدد کے بجائے ہمدردی اور ذمہ داری کا فروغ ہو۔