لاہور( شوبز ڈیسک)اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشہ اقبال نے کہا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمشہ اقبال نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے غیر جانبدار کارروائی کے احکامات دیے۔انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے مقدمہ درج ہونا معمولی بات نہیں بلکہ یہ ان کے مؤقف کی تائید اور الزامات کی درستگی کا ثبوت ہے۔رمشہ اقبال نے کہا کہ وہ پیر کے روز اس معاملے میں نئی درخواست بھی جمع کرائیں گی اور کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ثاقب چدھڑ اپنے الزامات اور کروڑوں روپے کے دعوے ثابت کریں، بصورت دیگر وہ رقم واپس کرنے کے لیے تیار ہیں۔رمشہ اقبال نے الزام عائد کیا کہ ثاقب چدھڑ نے انہیں اور مومنہ اقبال کو قتل کی دھمکیاں دیں اور دھمکی آمیز وائس نوٹس بھیجے۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر ان کے خلاف منظم مہم بھی چلائی گئی۔واضح رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں بلیک میلنگ اور دھمکیاں دینے کے الزامات شامل ہیں۔
مومنہ اقبال کیس: این سی سی آئی اے کی کارروائی بڑی کامیابی ہے، رمشہ اقبال
8 گھنٹے قبل