محسن نقوی کا حوالدار لالک جان شہید کو یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت

محسن نقوی کا حوالدار لالک جان شہید کو یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت

Jul 7, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( اباسین خبر) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے بہادر سپاہی حوالدار لالک جان شہید کو ان کے یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے وطن کے دفاع میں شجاعت، بہادری اور قربانی کی لازوال مثال قائم کی۔اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ کارگل کے محاذ پر حوالدار لالک جان شہید کی عظیم قربانی پر پوری قوم کو ہمیشہ فخر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ لالک جان شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید اور وطن کے دیگر شہداء پاکستان کا فخر اور حقیقی محافظ ہیں۔ ان کے بقول اگلے مورچوں پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے لالک جان نے غیر معمولی جرات، بہادری اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی، جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔محسن نقوی نے شہداء کے اہلِ خانہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دل کی گہرائیوں سے تمام شہداء کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے امن، سلامتی اور خودمختاری کے لیے شہداء کی قربانیوں کا قرض کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ حوالدار لالک جان شہید کی داستانِ شجاعت ہمیشہ قومی تاریخ کا روشن باب رہے گی اور نشانِ حیدر کے یہ عظیم وارث پاکستان کے عسکری وقار، قومی خودمختاری اور استحکام کی تابندہ علامت ہیں۔