مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، عالمی منڈی میں تیل مہنگا
تہران ( کامرس ڈیسک)مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی ترسیل متاثر ہونے اور عالمی سطح پر رسد میں کمی کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔امریکی و اسرائیلی جنگی کارروائیوں اور ایران کے ساتھ مذاکرات میں تعطل برقرار رہنے کے خدشات نے تیل کی قیمتوں کو سہارا دیا۔ تازہ کاروبار میں برینٹ خام تیل کی اکتوبر کی ترسیل کے لیے قیمت 26 سینٹ اضافے سے 91.87 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کا ستمبر کا معاہدہ 17 سینٹ بڑھ کر 86 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔اسی طرح زیادہ فعال اکتوبر کے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ معاہدے کی قیمت میں 12 سینٹ اضافہ ہوا اور یہ 89.91 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، خصوصاً آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل کو لاحق خطرات، عالمی منڈی میں سپلائی سے متعلق خدشات بڑھا رہے ہیں، جس کے باعث تیل کی قیمتوں پر اضافی دباؤ برقرار ہے۔