کورونا دنوں میں سینئر اداکارہ کے نامناسب رویے سے دکھ ہوا، مہرالنساء اقبال

کورونا دنوں میں سینئر اداکارہ کے نامناسب رویے سے دکھ ہوا، مہرالنساء اقبال

Aug 20, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ و ماڈل مہرالنساء اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا وبا کے دوران ڈرامے کی شوٹنگ کے موقع پر انہیں ایک سینئر اداکارہ کے نامناسب رویے اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔مہرالنساء اقبال نے بتایا کہ وبا کے دنوں میں وہ ایک ڈرامے کی مسلسل شوٹنگ میں مصروف تھیں، کام کی زیادتی اور اہلخانہ سے دوری کے باعث پہلے ہی ذہنی دباؤ میں تھیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک روز طبیعت خراب ہونے پر انہوں نے پروڈیوسرز سے طبی معائنے کیلئے گاڑی کا انتظام کرنے کی درخواست کی اور وقفے کے دوران چیک اپ کیلئے چلی گئیں۔اداکارہ کے مطابق سیٹ پر واپسی کے بعد ایک سینئر اداکارہ نے ان کی طبیعت دریافت کی، جس پر انہوں نے بیماری اور طبی معائنے کے بارے میں بتایا۔ اس پر سینئر اداکارہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں کورونا ہے تو وہ بھی متاثر ہوسکتی ہیں کیونکہ مہرالنساء نے انہیں گلے لگایا تھا۔مہرالنساء اقبال کا کہنا تھا کہ سینئر اداکارہ کے اس رویے سے انہیں شدید رنج ہوا، خصوصاً اس وقت جب وہ پہلے ہی تھکن اور اہلخانہ سے دوری کے باعث پریشانی میں مبتلا تھیں۔انہوں نے بتایا کہ بعدازاں ڈرامے کے پروڈیوسرز نے واقعے پر ان سے معذرت کی اور سینئر اداکارہ کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔