9 مئی کیسز: علیمہ خان، عظمیٰ خانم کی عبوری ضمانت میں توسیع
لاہور( اباسین خبر)انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خانم سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے پراسیکیوشن سے مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلا کو دلائل کے لیے بھی طلب کرلیا۔عدالت نے علیمہ خان، عظمیٰ خانم اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 6 نومبر تک ملتوی کردی۔سماعت کے دوران سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری، مسرت چیمہ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ عدالت نے اعظم سواتی کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف 9 مئی کے واقعات کے دوران جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور مسلم لیگ ن کے دفتر کو جلانے سمیت دیگر واقعات سے متعلق مقدمات درج ہیں۔