نیپال سیلاب پر منیشا کوئرالا غمزدہ، متاثرین کیلئے مدد کی اپیل
کھٹمنڈو( شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ منیشا کوئرالا نے نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی مدد کیلئے اپیل کی ہے۔کھٹمنڈو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ شدید سیلاب سے ہونے والی تباہی نے انہیں شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ افراد اور خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اس اچانک قدرتی آفت نے انہیں کئی برس قبل نیپال میں آنے والے تباہ کن زلزلے کی یاد دلا دی۔منیشا کوئرالا نے کہا کہ انسانی تکلیف کی شدت کو سمجھنا انتہائی مشکل ہے، اس وقت ان کی سب سے زیادہ ہمدردی ان افراد کے ساتھ ہے جو مشکلات اور مصائب سے گزر رہے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو تکلیف میں دیکھنا انتہائی افسوسناک ہے، اس موقع پر سرحدوں سے بالاتر ہوکر انسانیت کی بنیاد پر متاثرین کیلئے دعا اور مدد کرنی چاہیے۔