رومانیہ سے گندم کی بڑی کھیپ کراچی پہنچ گئی، آٹا بدستور مہنگا

رومانیہ سے گندم کی بڑی کھیپ کراچی پہنچ گئی، آٹا بدستور مہنگا

Nov 17, 2026|ویب ڈیسک

کراچی (کامرس ڈیسک) گندم کی قلت پر قابو پانے کے لیے رومانیہ سے درآمد کی گئی 58 ہزار 488 میٹرک ٹن گندم لے کر جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا، تاہم درآمدی گندم کی آمد کے باوجود شہر سمیت سندھ بھر میں آٹے کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایم وی کاراوس نامی جہاز درآمدی گندم لے کر کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایل ٹرمینل کی برتھ نمبر 14 اور 15 پر لنگر انداز ہوا۔ گندم کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے پہنچنے والا یہ تیسرا جہاز ہے، جبکہ کراچی بندرگاہ پر مجموعی طور پر ایک لاکھ ٹن سے زائد گندم لے کر 2 بڑے بحری جہاز موجود ہیں۔دوسری جانب گریٹ رینبو نامی جہاز خیبر پختونخوا کے لیے 50 ہزار ٹن سے زائد درآمدی گندم کے جی ٹی ایل ٹرمینل پر اتار رہا ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اب تک 3 جہازوں کے ذریعے ایک لاکھ 60 ہزار ٹن سے زائد گندم درآمد کر چکی ہے۔سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے لیے گندم کی بڑی کھیپیں لے کر 3 جہاز کراچی پہنچ چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود ملک میں گندم کی قلت اور مہنگے آٹے کا مسئلہ برقرار ہے۔درآمدی گندم کی مسلسل آمد سے مارکیٹ میں رسد بہتر ہونے اور ذخائر میں اضافے کی توقع ہے۔ حکام کو امید ہے کہ اس اقدام سے کراچی سمیت مختلف علاقوں میں آٹے کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور شہریوں کو ریلیف مل سکے گا۔