ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس مالی معاونت کا مقصد پنشن اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث پیدا ہونے والے مالی دباؤ کو کم کرنا اور نظام کو پائیدار بنانا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 2016 سے اب تک وفاقی پنشن اخراجات تقریباً 5 گنا بڑھ چکے ہیں اور سالانہ ایک کھرب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔ پرانے پنشن نظام میں ادائیگیوں کے لیے کوئی مخصوص فنڈ موجود نہیں تھا، جس کے باعث تمام مالی بوجھ قومی بجٹ پر پڑتا تھا۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی ملازمین کو نئے پنشن نظام میں شامل کیا گیا ہے۔ مجوزہ اصلاحات کے تحت پنشن کے انتظامی ڈھانچے، شفافیت اور ڈیجیٹل نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔بینک کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے سرکاری مالیات پر دباؤ کم کرنے کے ساتھ ترقیاتی اور سماجی شعبوں کے اخراجات کے لیے بھی اضافی مالی گنجائش پیدا ہوگی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ پاکستان نے پنشن نظام کو مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔