ماہرہ خان کی غزہ امدادی فنڈ ریزنگ مہم میں شرکت

ماہرہ خان کی غزہ امدادی فنڈ ریزنگ مہم میں شرکت

Jul 29, 2026|ویب ڈیسک

لندن( شوبز ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں غزہ کے متاثرین کے لیے منعقدہ ایک خیراتی فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کر کے ایک بار پھر سماجی خدمت کے جذبے کا اظہار کیا۔یہ تقریب وسطی لندن کے لندن میریٹ ہوٹل گروسوینر اسکوائر میں منعقد ہوئی، جس میں برطانوی پاکستانی برادری، مخیر حضرات اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا اہتمام ہارون رشید نے غیر سرکاری تنظیم فورگاٹن ویمن کے تعاون سے کیا۔ اس کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی فنڈ جمع کرنا تھا۔تقریب میں ماہرہ خان کی موجودگی شرکا کی توجہ کا مرکز بنی۔ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر اور ویڈیوز بھی تیزی سے وائرل ہوئیں، جن میں وہ شرکا سے ملاقات، مداحوں کے ساتھ تصاویر بنواتے اور امدادی مہم کی حمایت کرتی دکھائی دیں۔رپورٹس کے مطابق اس خیراتی تقریب کے دوران تقریباً ایک لاکھ چار ہزار برطانوی پاؤنڈ جمع کیے گئے، جو غزہ میں جنگ سے متاثرہ فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی پر خرچ کیے جائیں گے۔چند ہفتے قبل بھی ماہرہ خان نے برٹش ایشین ٹرسٹ کی سالانہ تقریب میں پاکستان کی سفیر کے طور پر شرکت کی تھی، جہاں ان کی ملاقات برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم سے ہوئی تھی۔دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے ماہرہ خان کی اس سماجی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ بااثر شخصیات کی ایسی سرگرمیاں نہ صرف امدادی مہمات کو تقویت دیتی ہیں بلکہ ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے عوام میں آگاہی اور تعاون کے جذبے کو بھی فروغ دیتی ہیں۔غزہ میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں اس نوعیت کی خیراتی تقریبات کو عالمی سطح پر امدادی سرگرمیوں کے فروغ اور متاثرہ افراد کے لیے وسائل کی فراہمی کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔