دبئی( شو بز ڈیسک)پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے موجودہ مرحلے سے بھرپور لطف اندوز ہو رہی ہیں اور انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ ایک وقت ایسا بھی آئے گا جب انہیں ہیروئن کے کردار ملنا بند ہو جائیں گے۔دبئی میں منعقدہ ادبی و ثقافتی تقریب کے دوران خصوصی نشست ’’کہانی سے کردار‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے شہرت، کامیابی اور عمر کے ساتھ بدلتے ہوئے کرداروں پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ماہرہ خان نے کہا کہ انہیں کامیابی اور مداحوں کی محبت دونوں بہت پسند ہیں اور وہ اپنے فینز کے ساتھ تعلق کو بے حد اہم سمجھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہوتی ہے جب لوگ ان سے محبت کا اظہار کرتے ہیں، تاہم وہ یہ بھی جانتی ہیں کہ شہرت اور کامیابی ہمیشہ قائم نہیں رہتی، اسی لیے ان کی توجہ ہمیشہ اپنے کام پر رہتی ہے۔اداکارہ کے مطابق شہرت اور مقبولیت زندگی کی عارضی حقیقتیں ہیں، جو آج ہیں تو کل نہیں بھی ہو سکتیں، اس لیے وہ انہیں اپنی زندگی کا اصل مقصد نہیں سمجھتیں۔ماہرہ خان نے کہا کہ وہ اپنی موجودہ عمر اور زندگی کے اس مرحلے سے مطمئن ہیں اور انہیں اس بات کی فکر نہیں کہ ایک وقت آئے گا جب انہیں ہیروئن کے کردار نہیں ملیں گے۔ ان کے مطابق وہ اس حقیقت کو قبول کرتی ہیں اور اس سے ذہنی طور پر مطمئن ہیں۔انہوں نے ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز سے اپیل کی کہ انہیں روایتی کرداروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ مختلف اور منفرد کردار دیے جائیں تاکہ وہ اپنی اداکاری کے مزید رنگ بھی پیش کر سکیں۔ماہرہ خان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں مداح ان کی خود اعتمادی اور حقیقت پسندی کی تعریف کر رہے ہیں۔
عمر کے ساتھ بدلتے کرداروں سے مطمئن ہوں:ماہرہ خان کا خود اعتمادی سے بھرپور بیان
7 گھنٹے قبل