ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو ستارہ امتیاز نہ مل سکا، نام دو بار مسترد ہونے کا دعویٰ

ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو ستارہ امتیاز نہ مل سکا، نام دو بار مسترد ہونے کا دعویٰ

Aug 22, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فہد مصطفیٰ کو ستارہ امتیاز دینے کے لیے دو مرتبہ نامزد کیے جانے کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے دونوں نام منظور نہ کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔سندھ کے وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ ثقافت سندھ نے دونوں فنکاروں کے نام دو الگ مواقع پر ستارہ امتیاز کے لیے تجویز کیے تھے۔ ان نامزدگیوں کی سفارش معروف شخصیات پر مشتمل کمیٹی نے کی تھی۔صوبائی وزیر کے مطابق وفاقی سطح پر دونوں ناموں کو قومی اعزاز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا اور اس فیصلے کی کوئی واضح وجہ بھی سامنے نہیں آئی۔ذوالفقار علی شاہ نے سوال اٹھایا کہ پاکستانی تفریحی صنعت میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو قومی اعزاز سے کیوں محروم رکھا گیا۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ فنکاروں اور ثقافتی شعبے سے وابستہ شخصیات کی خدمات کو قومی سطح پر زیادہ اہمیت دی جائے۔