لارڈز ٹیسٹ میں شکست، رضوان اور امام کو وطن واپسی کا حکم
لندن( سپورٹس ڈیسک)لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہنگامی بنیادوں پر وکٹ کیپر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ کے ہاتھوں 194 رنز سے شکست اور 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ناکامی کے بعد لندن میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ میں ایک بار پھر بڑے فیصلوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر محمد رضوان نے لیڈز ٹیسٹ کے بعد لارڈز ٹیسٹ میں بھی غیر ذمہ دارانہ انداز میں اپنی وکٹ گنوائی اور پویلین واپس لوٹے۔ بورڈ نے ان کے ساتھ اوپنر امام الحق کو بھی ہنگامی بنیادوں پر پاکستان روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کی انجری کے معاملے پر بورڈ نے تحقیقات کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔برمنگھم میں 9 ستمبر سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق صائم ایوب اور عرفات منہاس کو برمنگھم ٹیسٹ کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کو 16 برس بعد لارڈز کے میدان میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ انگلینڈ نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔